عبدالرزاق نے ایشوریا رائے سے متعلق متنازع بیان پر معافی مانگ لی
11-15-2023
(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق متنازع بیان پر پاکستان کے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے معافی مانگ لی۔
گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ایشوریا رائے کی مثال دیتے ہوئے ان کےحوالے سے نامناسب بات کہی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ تقریب کے دوران عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ہمیں 2009 میں معلوم تھا کہ یونس خان کی نیت صاف ہے جس نے ہمیں بھروسہ دیا مگر اس وقت ہماری پالیسی ہی نہیں کہ ہم کھلاڑیوں کو ڈویلپ کریں۔ سابق کرکٹر نے نامناسب مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری سوچ یہ ہو کہ میں ایشوریا رائے سے شادی کروں اور اُس سے بڑا نیک پرہیزگار بچہ پیدا ہوجائے تو ایسا کبھی نہیں ہوسکتا، اس لیے پہلے آپ کو اپنی نیت ٹھیک کرنی پڑے گی۔ بیان وائرل ہونے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عبدالرزاق کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا یہاں تک کہ سابق کرکٹر کو اپنے بیان پر معذرت کرنا پڑی۔ بعدازاں اپنے بیان میں عبدالرزاق نے کہا کہ تقریب میں کرکٹ اور کوچنگ کی بات ہورہی تھی، اس دوران میری زبان پھسل گئی، مجھے مثال کچھ اور دینی تھی لیکن ایشوریا رائے کا نام میرے منہ سے غیر ارادی طور پر نکل گیا جس پر میں اُن سے معذرت خواہ ہوں، میری نیت انکی تضحیک کرنا نہیں تھی۔