پانچویں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا
11-14-2023
(لاہور نیوز) پانچویں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
پانچویں چیئرمین واپڈا امیچورز گولف ٹورنامنٹ کا آغاز رائل پام گولف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں ہو گیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ)نے ٹی شاٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ ممبر(فنانس) واپڈا نوید اصغر چوہدری، ممبر(پاور) جمیل اختر، جنرل منیجر (ایچ آر ڈی) بریگیڈیئر حامد رضا (ریٹائرڈ)، جنرل منیجر سپورٹس /صدر واپڈا سپورٹس بورڈ امداد اللہ میمن، واپڈا سپورٹس بورڈ کے عہدیدار اور ملک بھر سے آئے ہوئے گولفرز بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے واپڈا ملک میں کھیلوں کی ترویج کے لئے کوشاں ہے، ہمیں فخر ہے کہ واپڈا کی ٹیموں نے عالمی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کئی اعزازات پاکستان کے نام کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا سپورٹس بورڈ ملک بھر میں کھلاڑیوں کو ملازمت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور اِس وقت مختلف کھیلوں میں واپڈا کی 65 مینز اور ویمنز ٹیمیں ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا بیک وقت تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ آج کا یہ ٹورنامنٹ بھی ہمارے اِس عزم کا تسلسل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گولف تمام عمر کے افراد کے لئے ایک بہترین کھیل ہے، فی الوقت ہم امیچورز ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہے ہیں، ہم اوپن گولف ٹورنامنٹ کی طرف جائیں گے، اِس کے علاوہ نئے گولفرز کی تربیت اور کوچنگ کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پانچویں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پاکستان گولف فیڈریشن سے منسلک کلبز کے 500 گولفرز حصہ لے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں امیچورز، سینئر امیچورز، لیڈیز، ویٹرنز اور انوی ٹیشنل کیٹیگری میں مقابلے ہوں گے۔ امیچورز کے لئے 54 ہولز، سینئر امیچورز36 ہولز جبکہ ویٹرنز اور انوی ٹیشنلزکے لئے 9 ہولز ہوں گے۔