ذیابیطس کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے تیسرے ملک میں کیا جانے لگا

11-14-2023

(لاہور نیوز) ذیابیطس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے۔ ذیابیطس کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے تیسرے ملک میں کیا جانے لگا ہے۔

ذیابیطس تیزی سے پاکستان میں سرائیت کرنے لگا ہے۔ ورلڈ ڈائبیٹیز فیڈریشن کے مطابق پاکستان کی 26.7  فیصد یعنی کہ 33 ملین  آبادی ذیابیطس کا شکار ہے، جن میں 11 فیصد نوجوان ہیں۔ خون میں شوگر تحلیل نہ ہونے اور شریانوں میں جمع ہونے کا نام ذیابیطس ہے، اس پر قابو نہ پایا جائے تو پیچیدگیاں بڑھ کر ہارٹ اٹیک اور آنکھوں کی بینائی جانے سمیت جسم کے اعضا کاٹنے کی نوبت بھی آجاتی ہے۔ سال 2019 میں دنیا میں سب سے زیادہ اموات ذیابیطس کی وجہ سے رپورٹ ہوئی تھیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس یا شوگر تمام امراض کی جڑ ہے، اگر بروقت اسے قابو نہ کیا جائے تو انسولین ہی اسکو کنٹرول کرنے کا واحد حل بچتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دن میں ورزش  اور مرغن غذاؤں اور میٹھی اشیا کے پرہیز سے ذیابیطس پر قابو ممکن ہے، مخصوص دواؤں اور لائف سٹائل کی تبدیلی کے ساتھ مریض صحت مند زندگی گزار سکتا ہے۔