پولیس اہلکاروں پر تشدد کا کیس، صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

11-14-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کے کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی ۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے  مقدمہ کی سماعت کی، تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمہ صنم جاوید کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ دوران تفتیش پراسیکیوشن نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ  ملزمہ کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ ابھی مکمل نہیں ہوا،صنم جاوید اور دیگر کارکنان نے زمان پارک کے باہر پولیس پر پٹرول بم پھینکے، زمان پارک میں ڈی آئی جی پر تشدد کیا گیا، پولیس کی گاڑیاں جلائی گئیں۔ پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ  ملزمہ نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر زمان پارک میں پولیس افسران پر تشدد کیا،صنم جاوید نے زمان پارک کے باہر تقاریر کیں اور کارکنان کو پولیس پارٹی  پر حملے کیلئے اکسایا۔ بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کردی اور ملزمہ کو پولیس کے حوالے کردیا۔