ڈینگی کے وار نہ تھمے،24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید138 مریض رپورٹ
11-14-2023
(لاہور نیوز) موسم بدل گیا لیکن ڈینگی کے تیور نہ بدلے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے مزید 138 نئے مریض سامنے آگئے۔
سیکرٹر ی ہیلتھ علی جان خان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 74 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال پنجاب میں 11 ہزار 863 جبکہ لاہور میں 5 ہزار 225 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں13،ملتان میں11 ،گوجرانوالہ میں10 ، فیصل آباد میں 18 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، اسی طرح شیخوپورہ میں تین اور خانیوال میں دو ،نارووال، مظفرگڑھ،اوکاڑہ، سیالکوٹ، چکوال، رحیم یار خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ سیکرٹری ہیلتھ کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 140 مریض زیر علاج ہیں،ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 85 مریض داخل ہیں ، ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔