لیسکو افسران بجلی چوری پکڑنے میں مصروف، صارفین خوار ہو گئے

11-13-2023

(لاہور نیوز) لیسکو افسران بجلی چوری پکڑنے اور ریکوری مہم میں مصروف ہیں مگر صارفین خوار ہو گئے۔

لیسکو انتظامیہ نے صارفین کی سہولیات کو پسِ پشت ڈال دیا۔ نئے کنکشنز اور خراب میٹرز کی تبدیلی کے لیے صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ لیسکو فیلڈ افسران نے صارفین کی بات سننا ہی چھوڑ دی۔ لیسکو کے کسٹمر سروسز سینٹرز سے بھی سٹاف غائب نظر آتا ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا ہے کہ عوامی سہولیات اولین ترجیح ہے جس کے لیے اقدام بھی کر رہے ہیں۔ بجلی چوری اور ریکوری مہم میں مصروفیت کی وجہ سے کچھ عرصہ صارفین کو مسائل پیش آئے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو کی جانب سے اب دوبارہ کسٹمر سروسز سینٹرز کو ایکٹو کیا جا رہا ہے۔ حافظ میاں نعمان کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کے لیے بجلی کے بلوں سے ایکسین اور ایس ڈی اوز کے نمبر ختم کرکے کسٹمر سروسز سینٹرز کے نمبر پرنٹ کیے جا رہے ہیں۔