بارش کے باعث کم ہوئی سموگ میں پھر اضافہ ہونے لگا

11-13-2023

(لاہور نیوز) بارش کے باعث کم ہوئی سموگ میں ایک بار پھر سے اضافہ ہونے لگا۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہو گیا۔

سموگ کے سائے پھر گہرے ہونے لگے۔ چار چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے بھی کھل گئے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ، زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر میں بارش برسنے کا تاحال کوئی امکان نہیں۔ سموگ ایمرجنسی، سمارٹ لاک ڈاؤن سبھی ناکام ہوتے دکھائی دینے لگے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہو گیا۔ سموگ کی صبح سویرے شرح 285 جبکہ اوسط شرح 262 ریکارڈ کی گئی۔ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 298 ، کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 205 ریکارڈ کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے سموگ کی روک تھام کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹینکرز کی مدد سے شہر کی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی فضائی آلودگی بچوں، بڑھوں ، پھیپھڑوں اور دل کی بیماری میں مبتلا افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ماسک اور عینک کا استعمال لازمی کریں۔