پنجاب حکومت کا ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

11-13-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی سہولتوں میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کیا جائے گا، وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرکی ٹریکنگ کی جائے گی۔  پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے خصوصی ایپ کے ذریعے زیر استعمال اور خالی وینٹی لیٹرز کی نشاندہی ممکن ہوگی، کسی ہسپتال میں رش کی صورت میں مریض کے لئے خالی وینٹی لیٹر مہیا کیاجاسکے گا۔  اجلاس میں ڈی ایچ کیوہسپتال قصورکو جنرل ہسپتال لاہور کے ساتھ منسلک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سٹروک مینجمنٹ مہم کے تحت 1122 ریسکیورز کی کیپسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ہیڈ آف نیورالوجی پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے سٹروک مینجمنٹ پلاننگ پر اجلاس کے شرکاء کو بریف کیا۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈی جی ریسکیو1122 اورمتعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہو ئے۔