لاہور کی 32بڑی سڑکوں پر عارضی تجاوزات مستقل طورپر ختم کرنے کا فیصلہ
11-12-2023
(لاہور نیوز) شہر کی 32 بڑی سڑکوں پر عارضی تجاوزات کو مستقل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور میں ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے تجاویز کاجائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ون وے کی خلاف ورزی کے سدباب کے لئے یوٹرنز پر ٹائر کلر لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی راہ میں حائل تجاوزات فی الفور ختم کی جائیں، ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ٹریفک کو بہتر متبادل راستوں پر روانی سے چلایا جائے، وزیراعلیٰ نے ٹیپا کو 32مقامات پر سڑکو ں اور چوراہوں کی ری سٹرکچرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ٹھوکر تا چوبرجی ملتان روڈ پر اعوان ٹاؤن اور ملتان چونگی چوک ری ڈیزائن ہوں گے، اجلاس میں جناح ہسپتال سے کریم بلاک تک انڈر پاس بنانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ 135مقامات پر روڈ انجینئر نگ کے ایشو حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ پولیس،ٹریفک پولیس اور ایم سی ایل کے مشترکہ سکواڈ32مقامات پر تعینات ہوں گے، وزیراعلیٰ نے سڑکوں کا پیچ ورک مکمل کرنے کے لئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور،کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا،سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ،ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر،ڈی آئی جی ٹریفک پولیس،سی ٹی او لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے،چیف انجینئر ٹیپا،ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔