9 مئی سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے سب کو تسلیم کرنا چاہیے: مراد راس
11-12-2023
(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ 9 مئی سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے سب کو تسلیم کرنا چاہیے۔
پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ لوگ آج فیصلے کررہے ہیں پی ٹی آئی میں رہنا ہے یا نہیں، ہمارا نظریہ وہی ہے جس کیلئے ہم نے پی ٹی آئی جوائن کی تھی،ایسا بالکل نہیں کہ پارٹی تبدیل کرنے سے نظریہ تبدیل ہوگیا ہے، ہم اپنے پرانے نظریے پر ہی کام کرتے رہیں گے۔ سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک آدمی کو وزیراعلیٰ بنادیا گیا جس کا نام عثمان بزدار تھا، ہمیں عثمان بزدار کا نام تک نہیں پتہ تھا، عثمان بزدار چیئرمین پی ٹی آئی کا وسیم اکرم پلس تھا، آج پنجاب کے حالات آپ کے سامنے ہیں، میں عثمان بزدار کی اہلیت کی نہیں عثمان بزدار کی تقرری پر اہلیت کی بات کررہا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا اگر 10بار بھی ہوتو عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ منتخب کروں گا۔ رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ دوصوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کی گئیں، چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک کے بعد ایک غلط فیصلہ ہوتا جارہا تھا، آپ گھر بیٹھ کر مقابلہ نہیں کرسکتے،ایوانوں کے اندر بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں، جس وقت ہم حکومت میں تھےمیں نے چیئرمین کو سب بتایا تھا، میرے سب بتانے پر عثمان بزدار میرے ڈبل خلاف ہوگئے تھے۔ مراد راس نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں ہر روز لوگ شامل ہورہے ہیں، الیکشن کیلئے پارٹی کی پوری تیاری ہورہی ہے، ہماری پارٹی لیڈر شپ نے الیکشن کیلئے ایک پورا میپ بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ابھی تک کسی سے رابطہ نہیں کیا، نہ ابھی تک کسی نے ہم سے رابطہ کیا، ہم نے ن لیگ ،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے خلاف الیکشن لڑنا ہے، جو جو سامنے آئے گا ہم نے اس کے خلاف الیکشن لڑنا ہے، جو بھی الیکشن میں کھڑا ہوگا اس کے خلاف لڑیں گے۔