فلسطین معاملے پر پوسٹ نہ کرنے کا تنازع، عائزہ خان مداحوں سے معذرت خواہ

11-12-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین کے حق میں پوسٹ نہ کرنے کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد مداحوں سے معافی طلب کر لی۔

گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کر رہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، مگر سوشل میڈیا پر اداکارہ عائزہ خان کی خاموشی نے سوالیہ نشان کھڑا کر دیا تھا۔ اداکارہ کے لاکھوں مداحوں اور صارفین نے عائزہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آخر ان کی خاموشی کی کیا وجہ ہے؟ مداحوں کے سوالات پر عائزہ خان نے کہا کہ میرے نزدیک مظلوم فلسطینیوں کیلئے دعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ دُعا کریں اور دوسروں پر انگلی اُٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام لگانے سے گریز کریں۔ مذکورہ پوسٹ کے بعد اداکارہ کو مداحوں کے ہاتھوں ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پوسٹ ہی ڈیلیٹ کر دی۔ بعد ازاں ان تمام تر معاملات کے بعد آخر کار عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر طویل نوٹ جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے وضاحت دیتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔ عائزہ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’سوشل میڈیا پر میرے کہے گئے الفاظ کو غلط انداز میں سمجھا جا رہا ہے، میں جواز پیش کرنے یا وضاحت کرنے کی کوشش نہیں کروں گی کیونکہ میرا خدا جانتا ہے کہ میرے ارادے بدنیتی پر مبنی نہیں تھے لیکن میں اپنے جذبات کو بیان کرنے میں ناکام رہی‘‘۔ اداکارہ نے کہا کہ ’’میں ذاتی طور پر اور اپنی ٹیم کی طرف سے معافی مانگ رہی ہوں، میرے بیان سے جن لوگوں کو تکلیف پہنچی میں ان سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں اور اس سنگین مسئلے کی طرف میری توجہ مرکوز کرنے کیلئے آپ سب کی شُکرگزار ہوں‘‘۔ اُنہوں نے کہا کہ ’’میں بھی انسان ہوں، مجھ سے بھی غلطی ہوسکتی ہے لیکن میں آپ سب کو یقین دلاتی ہوں کہ دوبارہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا‘‘۔ فلسطین پر جاری ظلم و ستم سے متعلق عائزہ خان نے کہا کہ ’’میں جب بھی وہ ظلم دیکھتی ہوں تو خود کو بے بس اور دُکھی محسوس کرتی ہوں، اگرچہ میری آگاہی فوری طور پر کوئی حل نہیں لاتی لیکن میں دعا کے ذریعے حالات میں تبدیلی کیلئے اللہ پر یقین رکھتی ہوں‘‘۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ  فلسطینی مسلمانوں پر اس ظلم کو ختم کرنے کیلئے دعا میں متحد ہو جائیں اور اللہ سے مدد طلب کریں، میری دعائیں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ۔ پوسٹ کے بعد اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سٹوری بھی شیئر کی جس میں انہوں نے فلسطینیوں کی فتح کیلئے دعا کی ہے۔