شاداب خان ورلڈ کپ سے باہر ہونے اور اپنی کارکردگی پر مایوس
11-12-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ورلڈ کپ سے باہر ہونے اور اپنی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہر ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، ورلڈکپ کی کارکردگی پر پوری ٹیم، کوچنگ سٹاف اور ہر کوئی مایوس ہے، کرکٹ میں یہی سبق ہے کہ ہمیشہ بہتر ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ سے بھی مایوس ہوں، میں توقعات پر پورا نہیں اترا مجھے پرفارم کرنا چاہیے تھا، اگر میں بطور باؤلر پرفارم کرتا تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا، میرا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے۔ نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ہار یا جیت کا ذمہ دار صرف کپتان نہیں ہوتا، سب کا کردار ہوتا ہے لیکن ہمارا کلچر ہی ایسا ہے کہ ہر چیز کپتان پر ڈال دی جائے، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے ہم سب ذمہ دار ہیں۔ شاداب خان نے مزید کہا کہ وطن واپس جا کر تجزیہ کروں گا کہ کیا کیا غلطیاں ہوئیں، ہماری کافی غلطیاں اور کمزوریاں رہیں اس لئے باہر ہوئے، ہم تینوں شعبوں میں ناکام رہے لیکن خاص طور پر باؤلرز پرفارم نہ کر سکے۔