لاہور: رواں سال 80 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات ، 345 افراد جاں بحق

11-12-2023

(ویب ڈیسک) لاہورمیں رواں سال 80 ہزارسے زائد ٹریفک حادثات کے دوران 345 افراد جاں بحق ہوگئے،ان میں سب سے زیادہ موٹرسائیکل سوارشامل ہیں۔

حکام نے 50 مقامات کو ہاٹ سپاٹ قرار دیکر حادثات کی دو بڑی وجوہات کا تعین کرلیا،حادثات کے حوالے سے ہاٹ سپاٹ قرار دیئے جانے والے سرفہرست پانچ علاقوں میں نشترکالونی ،کاہنہ، ملتان روڈ ، ہربنس پورہ اور ٹاؤن شپ شامل ہیں۔ کشادہ سڑکوں اور انڈرپاسز کے شہر میں 50 مقامات کو ہاٹ سپاٹ قرار دیکر ٹریفک پولیس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی اورروڈ انجینئرنگ میں نقائص دو ایسی وجوہات ہیں جو حادثات میں مسلسل اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر مستنصرفیروز کا کہنا ہےکہ ہاٹ سپاٹس پر 90 فیصد حادثات ون وے اور دیگر خلاف ورزیوں پر ہوئے ، شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 70 لاکھ وہیکلز کے شہر لاہور میں ایک دن میں اوسطاً 255 ٹریفک حادثات ہوئے۔  ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ خونی سڑکوں پر ہر ایک منٹ پچیس سیکنڈ بعد ایک حادثہ ہورہا ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی نے ای چالاننگ فعال ہوتے ہی ایک دن میں ٹریفک قوانین کی ایک لاکھ 11 ہزار خلاف ورزیوں کو مانیٹر کیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق حادثات کی شرح میں کمی لانے کے لیے ایل ڈی اے اور متعلقہ محکموں کوروڈ پراجیکٹس میں نقائص کی نشاندہی کردی گئی ہے، شہری حادثات سے بچنے کے لیے قوانین پر ہرصورت عمل کریں۔