ورلڈکپ: قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ ہفتے مشاورت کا آغاز ہوگا

11-12-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں آئندہ ہفتے سے اہم مشاورت کا آغاز ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے، ورلڈکپ کے دوران بھی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں تاہم ملاقاتوں اور مشاورت میں اب تیزی آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائےگا، سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ عمرگل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید اور  محسن خان سے مشاورتی عمل ہوگا۔ سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت ہوگی اور شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکاء اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین کوچنگ سٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے،کوچنگ سٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت بھی ہوگی، ریڈ بال اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچنگ کے لیے جسٹن لینگر کا نام بھی لیا جانے لگا ہے تاہم کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدارآسٹریلیا کا دورہ سر پرہونے کی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنےکا مشورہ دے رہے ہیں۔