تین سال میں پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرضے میں 1700 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

11-11-2023

(لاہور نیوز) حکومتیں آنے جانے کے باوجود پٹرولیم کے گردشی قرض کا مسئلہ برقرار رہا، پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور نگران حکومتوں میں پٹرولیم سیکٹر کا سرکولر ڈیٹ زینہ چڑھتا رہا۔

گردشی قرض کے حوالے سےحاصل کردہ  دستاویز کے مطابق تین سال میں پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرض میں 1700 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، جون 2020 میں پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 1144 ارب تھا، جون 2023 میں گردشی قرضہ دو ہزار 84 ارب روپے تک ہو گیا ہے، پٹرولیم سیکٹر کا موجودہ گردشی قرضہ 2800 ارب روپے تک ہے۔ پی ڈی ایم حکومت میں پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرضے میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، ایک سال کے دوران 460 ارب روپے قرض بڑھا، جون 2022 میں پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 1623 ارب روپے تھا جو جون 2023 میں بڑھ کر 2084 ارب روپے ہو گیا، پی ڈی ایم حکومت کے جاتے ہوئے گردشی قرضہ 2800 ارب روپے تک پہنچ گیا، جون 2021 میں گردشی قرضہ 1272 ارب روپے تھا۔