لاہور ہائیکورٹ: 13 نومبر کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری

11-11-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 13 نومبر کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی۔

کاز لسٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو  بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر پولیس  افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نےسماعت کے لیے مقرر  کر دی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس سلطان تنویر 13 نومبر کو پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی  کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کریں گے،عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کررکھا ہے،ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود افسران نے پرویز الٰہی کو  گھر بحفاظت نہیں پہنچایا لہذا عدالت پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ عدالت عالیہ  نے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کین کمشنر کو دینے کے خلاف درخواستیں بھی  سماعت کے لیے مقرر  کر دیں،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کیسز سنے گا۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے کین کمشنر کو چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا،پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن رولز کے برعکس ہے لہٰذا عدالت چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کین کمشنر کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے کے مقدمہ میں خاور مانیکا کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری  بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔