پنجاب میں غیر قانونی تارکین وطن کا انخلا سست روی کا شکار

11-11-2023

(لاہور نیوز) پنجاب میں غیر قانونی تارکین وطن کا انخلا سست روی کا شکار ہو گیا، گزشتہ 10 روز میں پنجاب پولیس صرف 505 غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھجوا سکی۔

ذرائع  کے مطابق پنجاب میں اس وقت 40 ہزار کے قریب غیر قانونی تارکین وطن موجود ہیں،40 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کے پاس پاکستان میں رہنے  کیلئے کوئی قانونی دستاویزات موجود نہیں۔ ذرائع  کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور آپریشن سست ہونے پر افسران سے نالاں ہیں، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب کے تمام افسران کو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت  کردی ہے۔ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا  کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا  جس میں تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،آئی جی پنجاب نےآر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔  آئی جی پنجاب  نے کہاکہ حکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے، تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران انخلا کے عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے ساتھ  تعاون کریں۔