توڑ پھوڑ کا کیس، پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

11-11-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک پولیس آپریشن کے دوران تشدد اور توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے تفتیشی کی درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ سے تفتیش درکار ہے عدالت جسمانی ریمانڈ منظور  کرے۔ بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ کی تفتیشی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے صنم جاوید کو پولیس کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ ملزمہ پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران تشدد اور توڑ پھوڑ پر تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔