اکتوبر: انسداد پولیومہم میں ویکسین سے محروم بچوں کی شرح 1.3فیصد سے کم رہی

11-11-2023

(لاہور نیوز) ماہ اکتوبر کی انسداد پولیوکے دوران ویکسین سے محروم بچوں کی شرح 1اعشاریہ 3 فیصد سے کم رہی۔

انسداد پولیو پروگرام کی جانب سے جاری کئے گئے کوائف کے مطابق مہم میں 2 کروڑ 25 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ مختص کیا گیا تھا، مہم میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ مہم کے دوران 15 لاکھ سے زائد مہمان بچوں کو قطرے پلائے گئے،مہمان بچے ڈیٹا سسٹم میں ویکسین سے محروم بچوں کے طور پر درج ہوتے ہیں۔  پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے کہا کہ ہزاروں 'ویکسین سے محروم' بچے گھروں میں واپس آچکے ہیں، ان میں سے اکثریت مہمان بچوں کے طور پر قطرے پی چکی ہے،پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے، پنجاب تین سالوں سے پولیو سے پاک ہے۔ خضر افضال کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیو پروگرام کوائف کا باری بینی سے جائزہ لیتا ہے،کوائف کی روشنی میں مہم کے نتائج کا جائزہ لیا جاتا ہے،ویکسین سے محروم بچوں کو ہیلتھ کیمپوں اور خصوصی مہمات میں قطرے پلائے جاتے ہیں،مثبت ماحولیاتی نمونے ظاہر کرتے ہیں پولیو وائرس کی نگرانی کا نظام مؤثر ہے۔