پولیس کا مارکیٹوں پر دھاوا بولنا حکومتی نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی ہے، نعیم میر

11-10-2023

(لاہور نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر کا کہنا ہے پولیس کا مارکیٹوں پر دھاوا بولنا حکومتی نوٹیفکیشن اور ہماری انڈرسٹینڈنگ کی خلاف ورزی ہے۔

حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی لیکن پولیس کی ہٹ دھرمی جاری رہی۔ اردو بازار، میکلوڈ روڈ، انارکلی، کیمرہ مارکیٹ اور دیگر مارکیٹیں زبردستی بند کرا دی گئیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ صبح سویرے ہی پولیس نے ہماری دکانیں بند کروا دیں۔ ناشتہ پوائنٹس کے مالکان کہنے لگے ہمارا سارا کھانا ضائع ہو گیا ہے۔ ہم سے ہماری روزی روٹی نہ چھینی جائے۔ دوسری جانب صدر ریڈی میڈ مارکیٹ شاہ عالمی عمر جاوید بٹ کی رہائش گاہ پر رات کے اندھیرے میں پولیس نے چھاپہ مارا۔ تاجر رہنما کو مارکیٹ بند کرنے کا اعلان کرنے کو کہا گیا۔ عمر جاوید بٹ کا کہنا تھا پولیس افسران ایسے اقدام سے تاجروں اور حکومت کے درمیان منفی رویے کو فروغ دے رہے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر کا کہنا تھا مارکیٹیں بند کرانے کے لئے پولیس نے دھاوا بولا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے مارکیٹیں اور دکانیں زبردستی بند کرانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ پولیس کا مارکیٹوں پر دھاوا بولنا حکومتی نوٹیفکیشن اور ہماری انڈرسٹینڈنگ کی خلاف ورزی ہے، پولیس کی جانب سے انارکلی میں لگی تمام ریڑھیوں کو اٹھوا دیا گیا۔ انہوں نے کہا وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا، کہنے لگے سموگ کی وجہ سے صرف ہفتے کے روز دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا، پنجاب حکومت کی جانب سے تعاون پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔