شہباز شریف کی حاجی لشکری رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت
11-10-2023
(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، شہباز شریف نے آمد پر حاجی لشکری رئیسانی اور دیگر رہنماؤں کا استقبال کیا، میر ہمایوں کرد اور دیگر رہنما بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی جس پر حاجی لشکری رئیسانی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ ساتھیوں اور دوستوں سے مشاورت کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کروں گا، لشکری رئیسانی نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارکباد بھی پیش کی۔ — PMLN (@pmln_org) November 10, 2023 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے۔ صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے، بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ حاجی لشکری رئیسانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کے لئے خدمات اور وژن کو سراہا۔