پولیس کی جانب سے زبردستی دکانیں بند کروانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

11-10-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کی جانب سے آج زبردستی دکانیں بند کروانے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سمارٹ لاک ڈاؤن کی سختی نہیں ہے، آج کے روز مارکیٹیں بند کروانے کا نہیں کہا، جمعہ کے روز مارکیٹیں کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے، ہفتہ اور اتوار کے روز مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش اور پنجاب حکومت کےا قدامات کے باعث سموگ میں کمی آئی ہے، اس عفریت پر قابو پانے کے لیے عوام کو حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔ یاد رہے پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہفتہ اور اتوار کے روز سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مارکیٹیں، شاپنگ مالز، سکول، کالجز اور دفاتر مکمل طور پر بند رہیں گے۔