کیا عائزہ خان شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں؟ مداح کشمکش میں مبتلا

11-10-2023

(ویب ڈیسک) خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے اپنی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے کی طرف اشارہ کردیا۔

عائزہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک مبہم سٹوری شیئر کی، اُنہوں نے اپنے نئے آنے والے ڈرامہ سیریل “جانِ جہاں” کی ایک پوسٹ لگائی ۔ عائزہ خان نے اپنی اس پوسٹ کے ساتھ انسٹاگرام سٹوری میں ایک حیران کُن جملہ لکھا کہ “یہ میرا آخری پراجیکٹ ہے”۔ اداکارہ کی سٹوری دیکھ کر اُن کے لاکھوں مداح کشمکش میں مبتلا ہوگئے اور سوشل میڈیا کی مختلف پوسٹس میں عائزہ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے اس حوالے سے وضاحت مانگنا شروع کردی لیکن اُنہوں نے مداحوں کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ تاہم، مداح خود ہی بعد میں عائزہ خان کی سٹوری کی حقیقت سامنے لے آئے۔ دراصل عائزہ خان کی انسٹاگرام سٹوری کے ایک کونے میں ’ 2023 کا‘ لکھا تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ  ڈرامہ سیریل “جانِ جہاں” عائزہ خان کا رواں سال یعنی 2023 کا آخری پراجیکٹ ہے۔ واضح رہے کہ عائزہ خان اپنے ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ نئے ڈرامے ’’جانِ جہاں‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، مذکورہ ڈرامہ ردا بلال نے لکھا ہے اوراس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں جبکہ ڈرامے کی  پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز ہیں۔ عائزہ خان 10 سال بعد اپنے مشہور ڈرامے ’پیارے افضل‘ کے ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ دوبارہ جلوہ گر ہوں گی۔