سالانہ تبلیغی اجتماع رائیونڈ دوسرا مرحلہ، ٹریفک انتظامات مکمل

11-10-2023

(لاہور نیوز) سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائےونڈ کے آخری مرحلہ کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، دوسرا اور آخری مرحلہ 12 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

 سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ایس پی ہیڈکوارٹرز سہیل فاضل اور ایس پی صدر ملک اکرام تمام تر انتظامات کی مکمل سپرویژن جاری رکھیں گے، ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں، 110 پٹرولنگ افسران، 999 وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے، رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 10 فوک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔  سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ  رائے ونڈ میں مانیٹرنگ اور سرویلنس کےلئے سپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے، شرکاء اجتماع کی گاڑیوں کی پارکنگ کےلئے 7 سٹینڈز بھی مختص کئے گئے ہیں، پارکنگ سٹینڈز کے علاوہ کہیں گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں۔  سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا ہے کہ راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے گی، ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کےلئے تمام روڈز کو کلیئر رکھا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے ٹریفک وارڈنز کو مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکاء کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا، راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف سے آنے والے شرکاء کو براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ رائے ونڈ بھجوایا جائے گا، اوکاڑہ کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ مانگابائی پاس رائیونڈ اجتماع میں پہنچیں گے۔  قصور کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ للیانی صوئے آصل روڈ،جودھو پھاٹک، کھاراچوک روہی، برہان چوک، نثار ملز کے بالمقابل مختص کی گئی پارکنگ میں جاسکیں گے، بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کو برہان چوک براستہ بارہ آئل ملز چوک، زراعت آفس کے سامنے واقع پارکنگ میں بھجوایا جائے گا، خواص روڈ اور سندر روڈ کو ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے کلیئر رکھا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ کوئی بھی گاڑی شاہدرہ چوک یا سگیاں پل، بند روڈ سے رائے ونڈ نہیں بھجوائی جائے گی، دیگر صوبوں سے آنے والے شرکاء موٹروے اور لاہور رنگ روڈ استعمال کریں گے۔