عماد وسیم ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے پر وسیم اکرم کی تنقید کا نشانہ بن گئے

11-10-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بالواسطہ طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

مقامی ٹی وی چینل پر آل راؤنڈر عماد وسیم کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کپ، قائداعظم ٹرافی میں حصہ لیے بغیر کھلاڑی چاہتے ہیں انہیں ٹیم میں کھلایا جائے، بین الاقوامی معاہدوں کو ملک پر ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں وہ مصروف ہیں لیکن دیگر کھلاڑی ڈومیسٹک میچز میں کیوں حصہ نہیں لے رہے، اِن میں سے ایک ٹیلی ویژن پر بیٹھے ہیں اور وہ پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل پر عماد وسیم نے مداح کے ڈومیسٹک کرکٹ سے اپنی غیر موجودگی کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے غیر ملکی لیگز کے ساتھ معاہدے ہیں جس کی وجہ سے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ میں شرکت نہیں کرسکتا ہوں۔ واضح رہے کہ عماد وسیم نے سال 2020 میں راولپنڈی میں زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں 986 رنز بنائے اور 44 وکٹیں حاصل کی ہیں۔