محسن نقوی علیٰ الصبح رائیونڈ پہنچ گئے، عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات کا جائزہ
11-10-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علیٰ الصبح رائے ونڈ پہنچ گئے، سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دورہ ، تبلیغی جماعت کے علماء کرام و اکابرین سے ملاقات کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عالمی تبلیغی اجتماع کے دورے کے موقع پر مولانا احمد لاٹ ، میاں احسن، امتیازغنی، انوار غنی، مولوی عامر اور دیگر سے ملاقات کی۔ملاقات میں اجتماع کے انتظامات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی سی پی او اور کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے کو انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اجتماع کی موثر مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب کئے گئے ہیں اوراضافی پٹرو لنگ پولیس تعینات کی گئی ہے، ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ شاندار انتظامات اور فول پروف سکیورٹی پلان پرعملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں،اجتماع کے اطراف لائٹس کا مناسب انتظام کیا گیا ہے، اجتماع کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے پوری ٹیم مل کر کام کر رہی ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اوردنیا دونوں کما رہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا احمد لاٹ نے عالم اسلام کے اتحاد، دین اسلام کی سر بلندی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔ اکابرین تبلیغی جماعت نے اس موقع پر کہا کہ اجتماع میں 5 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے، پنجاب حکومت نے ہر سطح پر بہترین انتظامات کئے ہیں ۔ صوبائی وزیراوقاف اظفرعلی ناصر، سی سی پی او، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اوقاف اور ڈی آئی جی آپریشنز بھی اس موقع پر موجود تھے۔