پی ایس ایل 9 دبئی منتقل کرنے کا معاملہ،ایونٹ سے متعلق بحث میں شدت

11-09-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کی دبئی منتقلی کیلئے بحث میں شدت آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان ہوا ہے، پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کی مجوزہ تاریخیں 8 فروری سے 24  مارچ ہیں، کئی ماہ قبل ہی ایونٹ کا آغاز یو اے ای سے کرنے کی باتیں شروع ہوگئی تھیں البتہ اب اس بحث میں شدت آ گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیگ کے بعض آفیشلز چاہتے ہیں کہ افتتاحی تقریب اور چند میچز کا انعقاد دبئی میں کیا جائے، الیکشن کی وجہ سے ملک میں سکیورٹی انتظامات میں مشکل ہوگی۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل سے وابستہ ایک اعلیٰ شخصیت رواں برس کے اوائل سے ہی کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح چند میچز یو اے ای میں کرا لیے جائیں، آٹھویں ایڈیشن کے دوران جب کراچی میں ایک ناخوشگوار واقعہ ہوا تو انہوں نے فرنچائز اونرز سے رابطہ کر کے کہا کہ اب تو لیگ کو دبئی منتقل کر دینا چاہیے  پاکستان میں  سکیورٹی مسائل ہیں،البتہ ان کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل جب پنجاب حکومت سے سکیورٹی کی رقم پر تنازع سامنے آیا تب بھی لیگ کو منتقل کرنے کی باتیں ہوئی تھیں، مذکورہ آفیشل کا سابقہ مینجمنٹ سے قریبی تعلق ہے تاہم ذکا اشرف نے بھی انھیں عہدے سے نہیں ہٹایا، ان کی اب بھی یہی خواہش ہے کہ کسی طرح نویں ایڈیشن کو ملک سے باہر لے جائیں، انھیں لگتا تھا کہ ذکا اشرف کو توسیع نہیں ملے گی لہذا مقصد آرام سے حاصل ہوجائے گا مگر سارا منصوبہ چوپٹ ہو گیا۔ اس معاملے میں فرنچائزز کی رائے منقسم ہے، بعض حامیہیں تو دیگر حق میں نہیں ہیں، رابطے پر ایک اونر نے کہا کہ  بھارت بھی الیکشن کے دنوں میں آئی پی ایل کو یو اے ای اور جنوبی افریقہ منتقل کر چکا، ہم نے بھی کر لیا تو کیا قباحت ہوگی؟ واضح اد رہے کہ یو اے ای کی اپنی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی 19 جنوری سے 17 فروری تک ہوگی، ایسے میں وہاں پی ایس ایل کا انعقاد 18 فروری سے ہی ممکن ہو سکتا ہے،تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ۔