تمام حلقوں میں تگڑے امیدوار کھڑے کرینگے: رانا ثنا

11-09-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمیں امیدواروں کی کمی نہیں، تمام حلقوں میں تگڑے امیدوار کھڑے کریں گے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے ٹولے کو نکال کر پی ٹی آئی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ہمارا یہ ظرف نہیں ان کی جیل میں ادویات و کھانا بند کر دیں، ہمارا پی ٹی آئی چیئرمین سے سوال ہے کہ وہ کہتے رہے جیل میں کوئی کلاس نہیں ہونی چاہئے بلکہ سب کلاس ختم کر دینی چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں دیکھ لیں جو ان کے ساتھ سلوک ہوا وہی سلوک دوسروں کے ساتھ بھی ہوا۔ سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف ہی ہیں، نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں، جنوبی پنجاب کا جائزہ لیا وہاں اچھی پوزیشن ہے، مسلم لیگ ن میں نئے لوگ شامل ہو رہے ہیں، تمام حلقوں سے تگڑے امیدوار کھڑے ہوں گے، ہمیں امیدواروں کی کمی نہیں ہے، چناؤ میں دشواری ہو رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف چودھری شجاعت حسین سے جلد ملاقات کریں گے، آصف علی زرداری کو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوتے ہوئے حق حاصل ہے لاہور کے وزیراعظم کا راستہ روکیں اور لاڑکانہ کے وزیراعظم کیلئے راہ ہموار کریں، عوام الیکشن میں سندھ  ، لاہور یا کے پی کے حق میں ووٹ دیں ہمیں قبول ہو گا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر نے کہا کہ نواز شریف عام انتخابات میں حصہ لیں گے، شاہد خاقان عباسی بھائی اور بے باک انسان ہیں، وہ ن لیگ سے ناراض نہیں ہیں، شاہد خاقان عباسی پارٹی سے تعاون کریں گے۔