اچھی نیند کے لیے کدو کے بیج مفید قرار

11-09-2023

(ویب ڈیسک) مناسب نیند لینے کو صحت مند زندگی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق ہر شخص کو روزانہ سات سے نو گھنٹوں کے درمیان نیند لینی چاہیے۔

ماضی میں ہونے والے متعدد مطالعوں میں یہ بتایا جا چکا ہے کہ کم مقدار میں نیند کا لیا جانا بے چینی، ذہنی تناؤ یا بے خوابی جیسے سنجیدہ نوعیت کے صحت کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے طور پر ماہرین کی جانب سے کچھ ایسی غذاؤں کی نشان دہی کی گئی ہے جو بھرپور نیند کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق میگنیشئم سے بھرپور کدو کے بیجوں میں بے خوابی کا حل موجود ہے۔ میگنیشئم ایک اہم عنصر ہے جو پٹھوں کو راحت بخشنے کے علاوہ میلاٹونِن ہارمونز کے اخراج کو بڑھاتا ہے جو نیند کے آنے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میگنیشئم کے دیگر ذرائع میں تل کے بیج، سورج مکھی کے بیج، السی کے بیج، بادام اور خشک تھائیم (جنگلی پودینہ) شامل ہیں۔ سلیپ فاؤنڈیشن کی جانب سے نیند اور میگنیشئم کے درمیان تعلق کے حوالے سے بتایا گیا کہ میگنیشئم متعدد سپلیمنٹس اور نیند میں مدد گار قدرتی اشیاء میں شامل ہوتا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ محققین سمجھتے ہیں کہ میگنیشئم ہمارے مرکزی اعصابی نظام کو پُرسکون کرتا ہے اور ان کیمیکل ری ایکشنز کا سبب بنتا ہے جو نیند کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔ کدو کے بیج میگنیشئم کے ساتھ ٹرائپٹوفین نامی امائنو ایسڈ سے بھی بھرپور ہوتے ہیں جو نیند کے معیار اور مزاج کو بہتر بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔