بلدیہ عظمیٰ متحرک، شہر کی اہم شاہراہوں پر انسداد سموگ سپرے

11-09-2023

(لاہور نیوز) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا اینٹی سموگ آپریشن جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر انسداد سموگ کارروائیاں مزید تیز کر دی گئیں۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر 88 کلومیٹر علاقے میں سموگ کی روک تھام کے لیے واٹر سپرے کیا گیا،مجموعی طور پر شہر کی 36 سڑکوں اور 38 پوائنٹس پر سپرے کیا جاچکا ہے،بلدیہ عظمیٰ لاہور کے تمام ذیلی ادارے انسداد سموگ کے لئے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سموگ سے بچاؤکے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، شہری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور سموگ کا سبب بننے والی فیکٹریوں کی نشاندہی میں مدد کریں،سموگ کا خاتمہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی سے ہی ممکن ہے، شہری سموگ کے خاتمے کے مشن میں بلدیہ عظمیٰ لاہور کا ساتھ دیں۔  ایڈمنسٹریٹر لاہور نے چیف آفیسر ، میٹروپولیٹن افسران اور زونل انچارج کو سموگ کے حوالے سے آپریشن کی براہ راست نگرانی کی بھی ہدایت کی۔