باغوں کے شہر کی فضا آج بھی آلودہ، اے کیو آئی 400 سے متجاوز

11-09-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کنٹرول نہ کیا جا سکا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس آج بھی 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

آلودگی کے اعتبار سے شہر لاہور دنیا میں فضائی آلودگی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا، عامر ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس488 جبکہ  کینٹ کے علاقے کا اے کیو آئی 484 ریکارڈ کیا گیا۔  مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 480 رہا جبکہ شہر کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 411 ریکارڈ کیا گیا۔  سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور سمیت  پنجاب کے آٹھ شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا، صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے 8 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 10نومبر سے 12نومبر تک ہو گا۔ یہ بھی پڑھیں: سموگ کے خاتمے کیلئے پنجاب کے 8 شہروں میں آج سے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ دوسری جانب  محکمہ موسمیات نے  شہر میں آج رات بارش برسنے کی پیشگوئی کی ہے،لاہور کا  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ادھر ترجمان موٹرویز کے مطابق سموگ اور دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہ جانے پر موٹروے ایم فور کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے عبد الحکیم تک بند کردیا گیا، موٹروے سب سیکٹر ایم فور شام کوٹ سے ملتان تک بھی دھند کی وجہ سے بند ہے،موٹروے ایم فائیو کو بھی ملتان سے اوچ شریف تک عام ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔