استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو انضمام عہدے سے فارغ ہوتے اور کہانی ختم ہوتی، پی سی بی

11-08-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو وہ عہدے سے فارغ ہوتے اور کہانی ختم ہوتی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے مستعفی چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ استعفیٰ قبول نہ ہونے کی خبر ٹی وی سے پتہ چلی، پی سی بی کو میرے وکیل نے ای میل کی ہے کہ ہمیں بلایا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تحقیقات مفادات کے تصادم کی ہو رہی ہیں اور یہ انضمام الحق کو پتہ ہے، تمام تحقیقات مکمل ہونے پر انضمام کو بتایا جائے گا اور انہیں بلایا بھی جائے گا، انضمام الحق کی ای میل کل موصول ہوئی، یقینی جواب دیں گے۔ پی سی بی کے مطابق استعفیٰ قبول کیا ہوتا تو وہ عہدے سے فارغ ہوتے اور کہانی ختم ہوتی، انضمام الحق بہت بڑے کرکٹر ہیں، پی سی بی ان کی عزت کرتا ہے، انضمام الحق کو عزت دینے کی وجہ سے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں انضمام الحق اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پی سی بی کی نیت خراب ہوتی تو انضمام الحق کو ہٹا دیتے، تحقیقات نیک نیتی کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق انضمام الحق نے خود استعفے میں لکھا کہ پی سی بی تحقیقات کرے، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کچھ ثابت نہیں ہوتا تو وہ دوبارہ عہدہ سنبھالیں گے، انضمام نے کہیں نہیں لکھا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے۔