سموگ ایمرجنسی کے باوجود فضائی آلودگی میں کوئی کمی نہ آئی

11-08-2023

(لاہور نیوز) سموگ ایمرجنسی کے باوجود فضائی آلودگی میں کوئی کمی نہ آئی۔ باغوں کا شہر بدستور سموگ کی لپیٹ میں ہے۔

سموگ نے لاہور میں ڈیرے جما لیے۔ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔ شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 455 ریکارڈ کیا گیا۔ کینٹ کے علاقے میں اے کیو آئی 591 تک پہنچ گیا۔ عامر ٹاؤن کے علاقے میں اے کیو آئی 502 رہا۔ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 488 ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سموگ کے تدارک کیلئے 8 شہروں میں 10 سے 12 نومبر تک دفعہ 144 نافذ ہے جن میں لاہور، گوجرانوالا ،قصور ،ننکانہ صاحب ،سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور حافظ آباد شامل ہیں۔ 8شہروں میں فصلوں کی باقیات، کوڑا، ٹائر ،پولی تھین بیگ ،پلاسٹک اور چمڑا جلانے پر پابندی عائد ہے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواری جیسی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک اور عینک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔