پاکستان ویمنز اے ٹیم نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

11-08-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز اے ٹیم نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

خیال رہے کہ سہ فریقی سیریز میں شریک تیسری ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز تھی جبکہ پاکستانی ٹیم لیگ کے دونوں میچ جیت کر فائنل میں پہنچی تھی ۔ بدھ کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان ویمنز اے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20  اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز سکور کیے۔ جواب میں پاکستان ویمنز اے نے15.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی اننگز میں صرف قیانا جوزف ہی قابل ذکر بیٹنگ کرپائیں انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 35 رنز سکور کیے جبکہ پاکستان کی طرف سے کپتان رامین شمیم اور عمیمہ سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی اننگ میں شوال ذوالفقار نے چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بنائے  جبکہ گل فیروز نے تین چوکوں کی مدد سے23 رنز سکور کیے۔