عائزہ خان نے بالآخر فلسطین اور غزہ پر خاموشی توڑ دی

11-08-2023

(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ عائزہ خان نے بھی بالآخراسرائیلی دہشتگردی کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اُٹھا دی۔

گزشتہ دنوں عائزہ خان کو اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اداکارہ کے انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز ہیں، اس قدر مقبولیت کے باوجود اسرائیلی حملوں پر عائزہ خان کی خاموشی دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ وہ عائزہ خان کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور اُنہیں سوشل میڈیا سے اَن فالو کررہے ہیں۔ صارفین کی تنقید کے بعد بالآخرعائزہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ کی سٹوری میں فلسطین کے حق میں پوسٹ کردی ہے۔ عائزہ خان نے اپنی پوسٹ پر سوال 'آپ فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیوں نہیں کررہیں؟' کے جواب میں کہا 'کیونکہ مجھے علم ہے کہ روزانہ فلسطینیوں کے لیے دعا کرنا پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے'۔ اداکارہ نے لکھا کہ برائے مہربانی دعا کریں جتنا آپ کرسکتے ہیں اور اس پلیٹ فارم پر دوسروں پر انگلی اٹھانے اور تنقید کرنے سے گریز کریں، ہم سب کے بچے اور چاہنے والے ہیں اور ہم سب اس غم (فلسطینیوں پر ظلم) کو محسوس کرسکتے ہیں۔ اپنی پوسٹ میں عائزہ نے مزید لکھا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ سب کس تکلیف سے گزر رہے ہیں لیکن مجھے میرے رب پر یقین ہے اور مجھے امید ہے اللہ پاک بہت جلد انہیں انصاف دلائے گا، آمین۔ ساتھ ہی عائزہ خان نے انسٹاگرام پر کچھ سٹوریز بھی شیئر کیں۔ اُنہوں نے اپنی ایک اور انسٹاگرام سٹوری میں غزہ کے بچوں کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ 'یااللہ رحم'۔ عائزہ خان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں جائے نماز کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ اس تعلق کو کسی انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہے۔ اداکارہ نے اپنی سٹوری میں چند ہیش ٹیگز کا استعمال کیا جن میں لکھا تھا کہ انسانیت کے لیے، فلسطین کے لیے، دُنیا کے لیے اور امن کے لیے دُعا کررہی ہوں۔