سیف سٹیز اتھارٹی کی سموگ کے خاتمے کیلئے کارروائی، درجنوں گاڑیوں کا چالان

11-08-2023

(لاہور نیوز) سموگ کے خاتمے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی درجنوں گاڑیوں کو پکڑوا دیا گیا۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ  سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو ای چالان جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں،مصروف اور اہم شاہراؤں پر کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کیمروں کی نشاندہی پر کوڑے کو آگ لگانے والوں کے خلاف  قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق شاہراؤں پر دھول، مٹی، ریت اور دیگر گندگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی جرائم کے خاتمے کے ساتھ ماحول کی صفائی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے مصروف عمل ہے، سموگ کی آفت سے نجات کیلئے شہری بھی اپنا کردار ادا کریں، سگنل پر گاڑی سوئچ آف پر رکھیں، کوڑے کو آگ مت لگائیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔