افغانستان کیخلاف میکسویل کی ڈبل سنچری، آسٹریلیا کو بڑے اپ سیٹ سے بچالیا

11-07-2023

(لاہور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 46.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، گیلین میکسویل کی شاندار ڈبل سنچری نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا گیا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 18، مچل مارش 24، مارنس لبوشین 14، مارکس سٹوئنس 6، مچل سٹارک 3 رنز جبکہ ٹریوس ہیڈ اور جوش انگلس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔