ورلڈ کپ: افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 292 رنز کا ہدف دے دیا

11-07-2023

(لاہور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023کے 39 ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 292 رنز کا ہدف دے دیا۔

بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور رحمان اللہ گرباز 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افغانستان کی دوسری وکٹ 121 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب رحمت شاہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر چلتے بنے۔ افغانستان کے اوپنر بلے باز ابراہیم زادران نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا ، وہ 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 129 رنز اور راشد خان 35 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔