فلور ملرز نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا کر دیا

11-07-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام پر فلور ملرز کا بھی وار جاری ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا کر دیا۔

فلور ملرز نے بھی مہنگائی کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے۔ عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے۔ سرکاری نرخ کا تعین نہ ہونے سے ذخیرہ اندوز اور منافع خور کھل کر کھیلنے لگے۔ چند ہفتے کے استحکام کے بعد آٹا پھر مہنگا ہونے لگا۔ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ آٹے کا تھیلا 2 ہزار 900 روپے تک پہنچ گیا۔ 10کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 450 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ کھلا سفید فائن آٹا 10 روپے اضافے سے 160 روپے فی کلو ہو گیا۔ کھلا سرخ آٹا 145 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ فلور ملز مالکان نے نئی قیمت پر سٹاک فراہم کرنا شروع کر دیا۔ عوام کہتے ہیں کم از کم آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت پر تو قابو پایا جائے۔   مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخ بڑھنے کو آٹا مہنگا کرنے کا جواز بنایا جا رہا ہے۔ چند روز میں گندم کی فی من قیمت میں 400 روپے اضافہ ہوا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم 5 ہزار 300 روپے فی من ہو گئی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔