بابر اعظم نے بھارت میں شیروانی خریدنے کی خبر کی تردید کر دی
11-07-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت میں مہنگے کپڑوں اور زیورات کی خریداری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کھلاڑیوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والی پی آر کمپنی کی انسٹا سٹوری کو ری شیئر کیا اور ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ان کی تردید کر دی۔ انسٹا سٹوری میں لکھا گیا ہے کہ ہم مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں جن کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم بھارت میں مہنگے کپڑوں اور زیورات کی خریداری میں مصروف ہیں۔ انسٹا سٹوری کے مطابق یہ خبریں خود بابر اعظم کے لیے بھی حیران کن ہیں، ہم ان تمام گردشی اور بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہیں، انہوں نے کسی بھی پروپیگنڈا اور غلط خبروں سے بچنے کے لیے خبر کی تصدیق پر زور دیا۔ خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے کپتان بابر اعظم سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے دوران معروف فیشن ڈیزائنر سبیاساچی کی شیروانی خریدی ہے جس کی مالیت 7 لاکھ بھارتی روپے ہے۔