معروف پروڈیوسر نصرت ٹھاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 14 برس بیت گئے
11-07-2023
(لاہور نیوز) پی ٹی وی کے معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نصرت ٹھاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 14 برس بیت گئے، نصرت ٹھاکر نے کئی یادگار ڈرامہ سیریل پیش کیں، ڈرامہ سیریل ’’ وارث‘‘ نے ایسا تہلکہ مچایا کہ نصرت ٹھاکر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
شاندار پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نصرت ٹھاکر 1937ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، عملی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا پھر پاکستان ٹیلی ویژن سے بطور ڈیوٹی آفیسر وابستہ ہو گئے، وہ اسسٹنٹ پروڈیوسر بھی رہے اور بعد ازاں مکمل پروڈیوسر بن گئے، نصرت ٹھاکر نے بطور جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور سنٹر بھی خدمات سرانجام دیں، اس دوران انہوں نے کئی لازوال ڈراموں کی پیش کش و ہدایات دیں۔ نصرت ٹھاکر کی شہرت کا آغاز امجد اسلام امجد کے تحریر کردہ ڈراما سیریل وارث سے ہوا، اس سیریل کا آغاز غضنفر علی نے کیا تاہم چند قسطوں کے بعد اس سیریل کی ذمہ داری نصرت ٹھاکر کے کندھوں پر آگئی جنہوں نے اسے پی ٹی وی کا یادگار ڈراما سیریل بنا دیا۔ نصرت ٹھاکر کے دیگر ڈراما سیریلز میں دہلیز، سمندر، پیاس، خواہش، نشیمن، دنیا اور غلام گردش نمایاں ہیں، ڈراما سیریز میں اندھیرا اجالا، رات ریل اور خط کے نام سرفہرست ہیں، نصرت ٹھاکر 7 نومبر 2009ء کو لاہور میں انتقال کر گئے اور لاہور کینٹ قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔