نوازشریف 8فروری کا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے: مریم اورنگزیب

11-06-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف 8 فروری کا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔

ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج ن لیگ کے سیکرٹریٹ میں 4سال بعد تشریف لائے، انہوں نے  پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ21اکتوبرکوپورے پاکستان نے نوازشریف کا استقبال کیا، 21اکتوبر کوسڑکوں پر جگہ ختم ہوگئی تھی، مخالفین نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہے، قائد ن لیگ نے ہر بار پاکستان کےعوام کی خدمت کی، اب بھی عوام نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ امید لگاکر بیٹھے ہیں۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں الیکشن کیلئے تیار ہیں، ہم پاکستان سے مہنگائی ختم کرنے ، کسان کو سستی کھاد اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے تیار ہے، ن لیگ وہ واحد جماعت ہے جس نے اپنا الیکشن سیل بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے، تمام صوبوں کے پارلیمانی بورڈ ترتیب دے دیئے گئے ہیں، نوازشریف 8فروری کا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، پاکستان کے عوام کو موقع دیں ،آر ٹی ایس نہ بیٹھے، عوام یہ فیصلہ کرے کہ کس کو وزیراعظم بنانا ہے تو عوام کا انتخاب 3بار کے وزیراعظم نوازشریف ہی ہوں گے۔ لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن میرے بھائی کہہ رہے تھے پیپلز پارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ساتھ وہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ بھی کررہے تھے، ساری جماعتوں کو مشورہ ہے لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، فیلڈ میں الیکشن کی تیاری کریں، پاکستان کے عوام کی فیلڈ 21اکتوبر کو پورے ملک نے دیکھی، سیاسی قوتوں کو یہ بات معلوم ہوچکی ہے عوام نے نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کردیا ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ  21 اکتوبر کو نوازشریف نے پوری تقریر میں کہا کہ ذاتی مظالم کو بھلا کر ملک کی خاطر واپس آیا ہوں، موجودہ مسائل کے خاتمے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، عوام کو نوازشریف کے دور میں 5روپے کی روٹی ملتی تھی، ہم نے ریلیف دیا تھا ایک بار پھر دیں گے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 16ماہ میں پاکستان کو شہبازشریف کی قیادت نے ڈیفالٹ سے بچایا،  شہبازشریف نے16ماہ  مثالی اتحادی حکومت چلائی ہے،  مولانا فضل الرحمان،آصف زرداری صاحب نے عوام کیلئے بہت خدمت کی ہے، مولانا فضل الرحمان نے مشکل وقت میں پی ڈی ایم کی سربراہی کی ، سب نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔