پاکستان ٹیم کا دورہ، کرکٹ آسٹریلیا نیا کیا کرنے جا رہا ہے؟
11-06-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کو ناصرف دلچسپ نام دیا جا رہا ہے بلکہ کچھ نیا بھی کیا جا رہا ہے۔
دنیا کی بڑی 10 کرکٹ ٹیمیں اس وقت بھارت میں ایک روزہ عالمی کپ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ جس کے بعد ٹیموں کے باہمی میچز اورسیریز کا آغاز ہوگا۔ پاکستان میگا ایونٹ کے ایک ماہ بعد آئندہ ماہ دسمبر میں کینگروز کے دیس کا رخ کرے گا جہاں دسمبراورجنوری میں تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز پرتھ میں ٹیسٹ میچ سے ہوگا جس کو کرکٹ آسٹریلیا نے ’’دی ویسٹ ٹیسٹ‘‘ کا نام دیا ہے اور اس میچ کے شائقین کے لیے پرتھ سٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی ’’دی ویسٹ ہل‘‘ بھی بنائی جا رہی ہے جو تاریخی واکا سٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ پیش کرے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے جنرل منیجر برائے ایونٹس اینڈ آپریشنز جوئل موریسن نے کہا کہ “دا ویسٹ ٹیسٹ” ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہوگا۔ “دا ویسٹ ٹیسٹ” اور“دا ویسٹ ہل” آسٹریلین سمر آف کرکٹ کو نئی جدت فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ ٹیسٹ ہل میں ایک فیملی ایریا شامل ہوگا جس میں بچوں کے لیے کھیل ہوں گے اور شائقین کے لیے آرام کرنے اور گرمیوں کے پہلے ٹیسٹ میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے کافی سایہ دار بیٹھنے کی جگہیں ہوں گی۔ جی ایم کرکٹ آسٹریلیا نے مزید کہا کہ یہ پہاڑی سٹینڈ تین درجوں پر مشتمل ہوگا جس میں 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور یہ شائقین کے لیے سٹیڈیم میں ایک نیا دلچسپ تجربہ ہوگا۔ جوئل موریسن نے کہا کہ آسٹریلیا مینز کرکٹ ٹیم کے گزشتہ سال دورہ پاکستان نے حریفوں کے درمیان تاریخی رقابت کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے جس سے شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ باکسنگ ڈے ہوگا جب کہ تیسرا ٹیسٹ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔