ڈالر روپے کی قدر کو روندتا ہوا دوبارہ تگڑا ہونے لگا

11-06-2023

(لاہور نیوز) امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 69 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 285 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 284 روپے 31 پیسے پر بند ہوا تھا۔ واضح رہے کہ 16 اکتوبر سے اب تک انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 8 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 286 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے، سٹاک مارکیٹ میں 781 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے ساتھ 100 انڈیکس 53 ہزار 905 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔