ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی، پورا سری لنکن کرکٹ بورڈ فارغ
11-06-2023
(ویب ڈیسک) آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے پورے کرکٹ بورڈ کو فارغ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر کھیل کے کرپشن کے الزامات پر بورڈ سے تعلقات کشیدہ تھے، سری لنکن بورڈ کو بھارت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد فارغ کیا گیا۔ 1996 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو نئی ذمے داری سونپ دی گئی جبکہ انہیں بورڈ کا عبوری چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے وزیر کھیل کے آفس کی جانب سے بورڈ کو فارغ کرنے اور رانا ٹنگا کو ذمہ داری سونپنے کا بیان جاری کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر کھیل کی جانب سے 7 رکنی پینل تشکیل دیا گیا ہے، پینل میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج بھی شامل ہیں۔ وزیر کھیل نے پورے بورڈ سے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا، بورڈ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا نے ایک روز قبل عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے جس نے 7 میچوں میں سے صرف دو میں کامیابی حاصل کی۔