اشیائے ضروریہ مہنگی، شہریوں کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے

11-05-2023

(لاہور نیوز) آٹا ، چاول ، چینی اور گھی کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہونے سے شہریوں کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے ،غریب تو غریب مڈل کلاس طبقہ بھی پس کے رہ گیا۔

پیٹ بھرنے کی بنیادی اشیائے ضروریہ  کی  قیمتوں میں مسلسل اضافے  کا تسلسل جاری ہے، آٹا ، چینی، چاول  اور گھی پھر مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق 20 کلو   آٹے  کا تھیلا 50 روپے مہنگا  ہو کر 2700 روپے کا ہو گیا ہے،پرانا چاول 20 روپے مہنگا ہونے سے فی کلو چاول کی قیمت 370 ر وپے ہو گئی ہے، درجہ سوم کے گھی اور  آ ئل کے 20 کلو گرام کے کاٹن کی قیمت میں بھی 300 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 140 روپے تک جا پہنچی ہے،گندم کی قیمت میں بھی 300 روپے فی من کا اضافہ ہوا  ہے جس کے بعد  فی من گندم کی قیمت 4400 روپے سے بڑھ کر 4700  روپے من ہو گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے مار دیا ،بچوں کو دو وقت کی روٹی نہیں کھلا سکتے،حکومت اور اعلیٰ حکام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کریں۔