مہنگی سبزیوں سے شہری پریشان، برائلر گوشت سستا ہو گیا
11-05-2023
(لاہور نیوز) سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، مارکیٹ میں سبزیاں سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں، ضلعی انتظامیہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
ٹماٹر کا سرکاری نرخ 175 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم مارکیٹ میں 240 سے 280 روپے تک بیچا جا رہا ہے۔ درجہ دوم ٹماٹر کا سرکاری نرخ 155 روپے کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 180 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ پیاز کا سرکاری نرخ بدستور 115 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں پیاز 130 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کا سرکاری نرخ بدستور 105 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں 120 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن 600 اور ادرک 700 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ بند گوبھی 100 ، پھول گوبھی 50 روپے فی کلو ہے۔ ساگ اور پالک 40 سے 50 روپے فی کلو ہے۔ مٹر 400، بھنڈی 80 اور شلجم 100 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب برائلر گوشت کے نرخ میں کمی ہوگئی۔ برائلر گوشت کے نرخ میں 12 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔ برائلر گوشت کا نرخ 458 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ فارمی انڈے بدستور 329 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔