دہلی میں فضائی آلودگی، ورلڈکپ کیلئے موجود ٹیمیں پریشان، میچ ہونا مشکل

11-05-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوران دہلی میں بدترین فضائی آلودگی کی وجہ سے ٹیمیں پریشان ہو گئیں۔

فضائی آلودگی میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے اور سموگ کی وجہ سے ٹیموں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ 6 نومبر کو دہلی میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ شیڈول ہے اور اس سے قبل آئی سی سی نے دہلی میں فضائی آلودگی کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے ساتھ مل کر ماہرین کی اس حوالے سے رائے لے رہے ہیں، کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کا خیال رکھیں گے۔ سری لنکا نے ہفتے کو ارون جیٹلی سٹیڈیم میں شیڈول ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے ٹیم ڈاکٹر نے کھلاڑیوں کو شدید آلودگی کی وجہ سے ٹریننگ سے روکا جبکہ بنگلا دیشی سکواڈ نے ماسک کے ساتھ ٹریننگ کی، بنگلا دیش نے جمعہ کو اپنا ٹریننگ سیشن منسوخ کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز میں بھی دہلی میں آلودگی میں بہتری کا امکان نہیں ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کا بڑھنا میچ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے جبکہ انتظامیہ کھلاڑیوں کو ڈگ آؤٹ کی بجائے ڈریسنگ روم میں بٹھانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں سٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں میں چھڑکاؤ کرنے کا بھی پلان بنایا گیا ہے جبکہ دہلی میں جمعرات کو ایئر ایمرجنسی ڈیکلیئر کی گئی تھی۔