علی انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن میں 10ویں سالانہ ٹیچرز کانفرنس کا انعقاد

11-04-2023

(لاہور نیوز) علی انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن میں 10ویں سالانہ ٹیچرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام کنٹینیوز پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر نے کیا۔

سالانہ ٹیچرز کانفرنس میں پنجاب بھر سے 400 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ معروف ٹرینرز مسرت مشہدی، قدسیہ کاشف، بشریٰ نقوی اور اظہار شاہ نے ورکشاپس دی۔ چیئرمین پیکجز گروپ سید بابر علی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ موڈریٹر کے فرائض سینئر ٹیچر نوید شہزاد نے دیئے۔ اس موقع پر نوید شہزاد کا کہنا تھا کہ نصاب کی تیاری میں حصہ لینا ٹیچر کا اتنا ہی حق ہے جتنا دوسرے پالیسی سازوں کا ہے۔ ہمارا المیہ ہے کہ ہم نصاب بنانے میں ٹیچرز کو شامل نہیں کرتے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سید بابر علی نے کہا کہ ہم بچے کو سکول بھیجنے کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں، یہ غلط ہے ، ہمیں اپنے بچوں کی گھر پر بھی پرورش کرنی ہو گی جس طرح ہمارے والدین کرتے تھے، ہمیں کئی بنیادی چیزیں گھر میں ہی سکھا دی گئی تھی۔ تقریب میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے ٹیچرز اور دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔