لیسکو صارفین کی سہولت کے لیے بنائے گئے کسٹمر سروسز سینٹرز ریلیف دینے میں ناکام

11-04-2023

(لاہور نیوز) لیسکو حکام کے صارفین کو ریلیف دینے کے دعوے پورے نہ کیے جا سکے۔ صارفین کی سہولت کے لیے بنائے گئے کسٹمر سروسز سینٹرز بھی ریلیف دینے میں ناکام رہے۔

صارفین کی سہولت کے لیے ڈویژنل اور سرکل کی سطح پر بنائے گئے کسٹمر سروسز سینٹرز بھی عملی طور پر غیر فعال ہیں۔ کسٹمر سروسز سینٹرز کے عملے کے محدود اختیارات کے باعث صارفین بھی رخ نہیں کرتے۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے گئے کسٹمر سروسز سینٹرز عملی طور پر غیر فعال ہیں۔ کام نہ ہونے کے باعث تھرڈ سرکل کے کسٹمر سروس سینٹرز میں عملہ سیٹ سے غائب رہتا ہے۔ کسٹمر سروسز سینٹرز سے صارفین کو اقساط کا ریلیف بھی نہ ملنے کی وجہ سے سب ڈویژنل، ڈویژنل دفتروں میں رش رہتا ہے۔ 18 برسوں سے عملے کے اختیارات میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ موبائل کسٹمر سروس بھی بند کر دی گئی۔ بجلی کے صارفین کی سہولت کے لئے دس کسٹمر سروسز سینٹرز بنائے گئے تھے۔ ہیڈ کوارٹر میں سینٹرل کسٹمر سروسز سینٹر کے علاوہ نو ریجنل کسٹمر سروسز سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ دور دراز کے علاقوں میں بجلی کے صارفین کی سہولت کے لئے موبائل کسٹمر سروس بند کر کے ویگنیں سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ لیسکو عملے کا کہنا ہے کہ کسٹمر سینٹروں کے اختیارات میں بورڈ آف ڈائریکٹر اضافہ کر سکتا ہے لیکن بورڈ کے اجلاس میں کبھی اس مسئلے کو اہمیت نہیں دی گئی۔